میں اپنی گواہی آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہوں گی کہ میں نے اپنی زندگی میں خدا کی موجودگی کو کیسے محسوس کیا اور کس طرح اُس نے میری رہنمائی کی جب میں سچائی کی تلاش میں تھی۔

میرا نام حبا سسمائل ہے اور میرا تعلق فیصل اباد سے ہے میری عمر اُس وقت زیادہ نہیں تھی، لیکن میرے دل میں ہمیشہ یہ خواہش رہتی تھی کہ میں خدا کو بہتر طور پر جانوں اور اُس کے قریب آؤں۔

میں اپنے والدین کے ساتھ ایک دوسرے چرچ میں جاتی تھی، لیکن مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا

کہ ابھی بھی کوئی چیز ہے جس کی میں تلاش کر رہی ہوں۔ میں عبادت کرتی تھی، دعا کرتی تھی اور خدا سے رہنمائی مانگتی تھی،

لیکن میرے دل میں بہت سے سوالات تھے جن کے جوابات میں جاننا چاہتی تھی۔

میرے چاچا کلیسیا یسوع مسیح برائے مقدسین آخری ایام کے رکن تھے۔ ایک دن انہوں نے مجھے اور میری فیملی کو چرچ آنے کی دعوت دی۔ شروع میں ہم صرف اُن کی دعوت پر گئے،

لیکن جب میں پہلی مرتبہ چرچ میں داخل ہوئی تو میرے دل میں ایک عجیب سا سکون اور اطمینان پیدا ہوا۔ ایسا لگا جیسے

میں ایک ایسی جگہ پر آگئی ہوں جہاں خدا کا روح موجود ہے۔ میں نے وہاں محبت، اپنائیت اور خوشی محسوس کی۔

اُس دن میرے دل میں ایک امید پیدا ہوئی کہ شاید یہی وہ راستہ ہے جس کی میں تلاش کر رہی تھی۔

وقت کے ساتھ مشنریز نے ہمیں خدا کا کلام سکھایا۔ انہوں نے بائبل اور مورمن کی کتاب سےتعلیمات شیئر کیں اور میرے سوالات کے جوابات دیے۔

میں نے سچے دل سے دعا کی اور خدا سے پوچھا کہ کیا یہ سب سچ ہے۔ آہستہ آہستہ خدا نے میرے باتوں کا جواب دیا کہ یہ اُس کا راستہ ہے۔

میں نے محسوس کیا کہ آسمانی باپ مجھے جانتا ہے اور میری دعاؤں کو سنتا ہے۔

کچھ عرصے بعد میں، میرے دو بھائی اور میری ایک بہن نے بپتسمہ لیا۔

یہ میری زندگی کے خوبصورت ترین دنوں میں سے ایک تھا۔ بپتسمہ کے بعد میں نے روزانہ مورمن کی کتاب پڑھنے کی عادت بنا لی۔ جتنا زیادہ میں اسے پڑھتی، اتنا ہی زیادہ خدا کے کلام کو سمجھنے لگی۔

ایک دن ہم ایک چرچ ایکٹیوٹی میں شریک تھے جہاں ایک بہن نے یہ تعلیم دی کہ خدا اپنے بچوں کو اپنے کام کے لیے استعمال کرتا ہے۔

اُس پیغام نے میرے دل کو بہت متاثر کیا۔ گھر آکر میں نے مورمن کی کتاب کھولی اور اُن حوالوں کو دوبارہ پڑھا جن کا ذکر کیا گیا تھا۔ اُس وقت میرے دل میں ایک مضبوط احساس پیدا ہوا کہ میں مشنری خدمت کرنا چاہتی ہوں اور اپنی زندگی کا کچھ حصہ خدا کی خدمت کے لیے وقف کرنا چاہتی ہوں۔

جب میں نے یہ فیصلہ اپنے والدین کے ساتھ شیئر کیا تو وہ ابتدا میں نہیں سمجھے۔ اُن کے لیے یہ سب کچھ نیا اور غیر مانوس تھا۔

انہوں نے میری بات سے اتفاق نہیں کیا، جس سے میں بہت دکھی ہوئی۔ لیکن میں نے دعا کرنا نہیں چھوڑی۔ میں جانتی تھی کہ اگر یہ خدا کی مرضی ہے تو وہ راستہ کھولے گا۔

کچھ وقت بعد، خدا نے میرے والدین کے دلوں کو نرم کیا اور میرے چاچا کی مدد سے وہ اس بات پر راضی ہوگئے کہ میں خدا کی خدمت کے لیے جاؤں۔

جب میں اپنے کال لیٹر کا انتظار کر رہی تھی تو اچانک میرے والد کی طبیعت بہت خراب ہوگئی۔ اُن کی بیماری نے مجھے شدید پریشان کر دیا۔ میں نے اپنے فیصلے پر شک کرنا شروع کر دیا

اور سوچنے لگی کہ شاید مجھے مشن پر نہیں جانا چاہیے۔ میں راتوں کو جاگ کر دعا کرتی،

روتی اور خدا سے پوچھتی کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔

اگلے ہی اتوار چرچ میں ایک بہن نے سیکرامنٹ میٹنگ کے دوران ایک پیغام دیا۔ انہوں نے اُس واقعے کا ذکر کیا جب پطرس پانی پر چل کر یسوع مسیح کی طرف جا رہا تھا،

لیکن جب اُس نے شک کیا تو ڈوبنے لگا۔ اُس پیغام نے میرے دل کو چھو لیا۔ میں نے محسوس کیا کہ میں بھی شک کی وجہ سے کمزور ہو رہی ہوں۔

اُس دن میں نے فیصلہ کیا کہ میں خدا پر بھروسہ کروں گی، کیونکہ جو کچھ وہ کرتا ہے وہ میرے بھلے کے لیے ہوتا ہے۔ میں نے سمجھ لیا کہ یہ ایک آزمائش ہے اور مجھے ایمان کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

وقت گزرتا گیا اور آخرکار میری بلاہٹ کا وقت آگیا۔ خدا چاہتا تھا کہ میں لوگوں کو اُس کی بحال شدہ کلیسیا اور یسوع مسیح کی انجیل کے بارے میں بتاؤں۔ مشنری سروس کے دوران میں نے بے شمار برکات حاصل کیں۔ ہیکل کی برکات نے مجھے طاقت بخشی، اور مشنری کام نے مجھے روحانی طور پر مضبوط بنایا۔ میں نے سیکھا کہ خدا ہمیشہ اپنے بچوں کے ساتھ ہوتا ہے،

خاص طور پر اُس وقت جب وہ خود کو تنہا محسوس کرتے ہیں۔

آج میں پورے یقین کے ساتھ گواہی دیتی ہوں کہ خدا زندہ ہے، وہ ہم سے محبت کرتا ہے اور ہماری دعاؤں کو سنتا ہے۔

میں جانتی ہوں کہ اُس کی محبت نہ ختم ہونے والی ہے اور وہ ہمیشہ ہمیں سنبھالے رکھتا ہے۔ میں جانتی ہوں مورمن کی کتاب خدا کی سچی کتاب ہے

اور یسوع مسیح کی گواہی دیتی ہے۔ اس نے میری زندگی کو بدل دیا ہے اور مجھے اپنے نجات دہندہ کے قریب لایا ہے۔ میں اس بات کی بھی گواہی دیتی ہوں

کہ کلیسیا یسوع مسیح برائے مقدسین آخری ایام خدا کی بحال شدہ کلیسیا ہے۔ میں ان تمام باتوں کی گواہی یسوع مسیح کے مقدس نام میں دیتی ہوں، آمین۔