میں نے یسوع مسیح کو چُنا، یہاں تک کہ جب سب میرے خلاف کھڑے تھے۔
آپ کے ساتھ ان واقعات کو بیان کرنا کہ مسیح نے کیسے مجھے مصیبتوں میں تقویت اور اطمینان بخشا بیان کرنا میرے لیے خوش ائین بات ہے
میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ اگر خدا ایک ہے تو لوگ مختلف خداؤں کی عبادت کیوں کرتے ہیں؟
مرنے کے بعد ہم کہاں جائیں گے؟ کیا اگلی زندگی میں بھی مجھے یہی والدین ملیں گے؟
جب میں دسویں جماعت میں تھی تو مجھے کمر میں شدید درد کی شکایت ہوئی۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ میں
صرف چھ ماہ تک زندہ رہ سکوں گی۔ اُس وقت مجھے اپنی زندگی سے زیادہ اپنے والدین کی فکر تھی،
کیونکہ میں اپنے خاندان کے لیے بیٹے اور بیٹی دونوں کی حیثیت رکھتی تھی۔
پھر ایک دن دوپہر کے وقت میری ملاقات ایلڈرز سے ہوئی، اور وہیں سے میری زندگی بدلنا شروع ہوگئی۔
مجھے اپنے سوالوں کے جواب ملنے لگے۔ اگرچہ اس میں کچھ وقت لگا، لیکن آخرکار میں نے یسوع مسیح کی انجیل کے بارے میں اپنی ذاتی گواہی حاصل کی۔
2004
میں نے مورمن کی کتاب پڑھی اور سمجھا کہ یہی انجیل کی معموری ہے۔ کو میں نے بپتسمہ لیا۔
میری والدہ، جو میری سب سے اچھی دوست تھیں، میرے اس فیصلے سے ناراض تھیں۔ لیکن میں جانتی تھی کہ میں نے صحیح راستے کا انتخاب کیا ہے۔
میری زندگی میں بہت سی آزمائشیں اور مشکلات آئیں، لیکن میں نے بے شمار معجزات اور برکات بھی دیکھیں۔
روح القدس کی نعمت حاصل کرنے کے بعد اچانک میری صحت اتنی بہتر ہوگئی
کہ میں بھول ہی گئی کہ کبھی مجھے کمر میں شدید درد کی شکایت تھی۔ آج تک خدا کے فضل سے مجھے دوبارہ اس مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
جی ہاں، میں نے بہت سی آزمائشوں اور مخالفتوں کا سامنا کیا، لیکن میں اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتی کہ خدا کی برکات بھی بے شمار رہی ہیں۔
میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ اپنے گھر والوں کے لیے ایک اچھی مثال بنوں۔
پھر میرے والدین دونوں نے بپتسمہ لے لیا۔ میری والدہ انجیل میں مجھ سے بھی زیادہ مضبوط ہوگئیں۔
جب میں آٹھ ماہ کی حاملہ تھی تو میں نے اپنی زندگی کے ایک فرشتے، اپنی پیاری والدہ کو کھو دیا۔
جنوری 2024 میری زندگی کا سب سے تاریک اور مشکل دن تھا۔
لیکن میں نے خداوند سے کوئی سوال نہیں کیا۔ میں نے صرف اتنا کہا
"پیارے آسمانی باپ، میرا دل ٹوٹ چکا ہے ، میں بہت تھک گئی ہوں۔ براہِ کرم میری مدد فرما۔”
میں شدید افسردگی میں مبتلا ہوگئی تھی، لیکن میرے دل میں کہیں نہ کہیں نجات کے منصوبے کا علم موجود تھا، جس نے مجھے زندگی میں آگے بڑھنے کی ہمت دی۔
اس دردناک واقعے کے چالیس دن بعد میری خوبصورت بیٹی کائرہ کمل چاولہ پیدا ہوئی۔

جب میں نے پہلی بار اسے اپنی بانہوں میں لیا تو میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ میں نے اپنے دل میں کہا کہ مجھے اس خوبصورت شہزادی کے لیے زندہ رہنا ہے۔
مجھے اسے ماں اور نانی دونوں کی محبت دینی ہے۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ مجھے اسے یسوع مسیح کی انجیل میں مضبوط بنانا ہے۔
میری والدہ کا خواب تھا کہ وہ میری بیٹی کو پرائمری کی کلاس میں جاتے ہوئے دیکھیں۔
بدقسمتی سے میری والدہ اس دنیا سے رخصت ہوگئیں، لیکن میں جانتی ہوں کہ وہ عالمِ ارواح سے ہمیں دیکھ رہی ہیں اور خوش ہیں کہ ان کی نواسی چرچ اور پرائمری میں شرکت کرتی ہے۔
کام کی وجہ سے ہم چرچ سے بہت دور ایک جگہ منتقل ہوگئے۔ میں اپنی بیٹی کی پرورش زیادہ تر اکیلے کر رہی تھی، لیکن میں نے ہمیشہ اپنے خاندان پر خداوند کا ہاتھ محسوس کیا۔
میرے شوہر چرچ کے رکن نہیں ہیں، لیکن انہوں نے مجھے اپنے سچے خدا کی عبادت کرنے کی مکمل آزادی دی ہے۔
کمل جی بھی چرچ میں شرکت کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ایک دن وہ بھی انجیل کے بارے میں اپنی ذاتی گواہی حاصل کریں گے، کیونکہ گواہی دل سے آنی چاہیے۔
بیٹی کی پیدائش کے بعد میں نے اس کی دیکھ بھال کے لیے اپنی ملازمت چھوڑ دی تھی۔
ایک دن میرے شوہر نے کہا کہ کل ہم ایک انٹرویو میں شرکت کریں گے، چلو باہر چلتے ہیں۔
راستے میں مجھے ایک بین الاقوامی اسکول نظر آیا۔ ہم سڑک پار کرکے آگے بڑھ گئے، لیکن پھر روح نے مجھے تحریک دی کہ واپس جاؤ اور اس اسکول میں انٹرویو دو۔
میں نے اپنے شوہر سے کہا
"چلیں واپس چلتے ہیں، میں اس اسکول میں انٹرویو دینا چاہتی ہوں۔”
ہم واپس گئے۔ وہاں میرے تین مرحلوں میں انٹرویو ہوئے، اور خدا کے فضل سے مجھے ملازمت مل گئی۔
کمل جی نے مجھ سے پوچھا:
"تمہیں کیسے معلوم تھا؟”
میں نے جواب دیا:
"یہی تو یسوع مسیح کی انجیل کی خوبصورتی ہے۔”
جب بھی میں گھر سے کہیں جانے کے لیے نکلتی ہوں تو میں دعا کرتی ہوں اور خداوند سے التجا کرتی ہوں
کہ وہ مجھے روح القدس کی تحریک کو پہچاننے اور اس کی پیروی کرنے میں مدد دے۔
اگلے ہی دن مجھے ملازمت کا آفر لیٹر مل گیا۔
مجھے اپنی والدہ کی بہت یاد آتی ہے، لیکن میں اس بات سے انکار نہیں کر سکتی کہ خدا کے فضل، رحم اور محبت نے میرے دل کو بہت شفا بخشی ہے۔
میں پہلے سے زیادہ مضبوط بن گئی ہوں، اگرچہ ابھی زندگی میں بہت آگے جانا باقی ہے۔
مجھے امید ہے کہ ایک دن میں ہیکل میں اپنے خاندان کے ساتھ ہمیشہ کے لیے سربمہر ہو سکوں گی۔
میں جانتی ہوں کہ یسوع مسیح میرے سب سے اچھے دوست اور میرے بڑے بھائی ہیں۔
میں جانتی ہوں کہ مقدس صحائف سچے ہیں۔
جب بھی میں اپنے آسمانی باپ سے بات کرنا چاہتی ہوں تو میں دعا کرتی ہوں، مقدس صحائف کا مطالعہ کرتی ہوں، اور پھر روح القدس میری رہنمائی کرتا ہے۔
میں جانتی ہوں کہ کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسین آخری ایام پوری زمین پر خداوند کی سچی کلیسیا ہے۔
میری پسندیدہ آیت یہ ہے
"بلکہ تم پہلے اُس کی بادشاہی اور اُس کی راستبازی کی تلاش کرو تو یہ سب چیزیں بھی تم کو مل جائیں گی۔” (متی 6:33)
میں نے اپنی زندگی میں اس صحیفے کو سچ ہوتے ہوئے محسوس کیا اور دیکھا ہے۔
میں جانتی ہوں کہ ہمارا آسمانی باپ زندہ ہے اور ہم میں سے ہر ایک سے محبت کرتا ہے۔
خدا نے ہم میں سے ہر ایک کے لیے ایک شاندار منصوبہ تیار کیا ہے۔
آئیں، ہم خداوند کے مقرر کردہ وقت پر بھروسا رکھیں اور صبر کے ساتھ انتظار کریں۔
یسوع مسیح میرے سب سے اچھے دوست ہیں۔
میں جانتی ہوں کہ ایک دن میں اپنی پیاری والدہ سے دوبارہ ضرور ملوں گی۔
میں یہ سب باتیں یسوع مسیح کے مقدس نام میں کہتی ہوں۔ آمین۔
خدا ہماری مدد کیسے کرتا ہے جب ہم مشکلات میں گھرے ہوتے ہیں؟
جب ہم زندگی کی مشکلات اور آزمائشوں میں گھر جاتے ہیں، تو خدا ہمیں تنہا نہیں چھوڑتا۔ وہ ہماری دعاؤں کو سنتا ہے
روح القدس کے ذریعے ہماری رہنمائی کرتا ہے، ہمیں ہمت اور سکون بخشتا ہے، اور مشکلات کا سامنا کرنے کی طاقت عطا کرتا ہے۔
"میں سب کچھ اُس کی مدد سے کر سکتا ہوں جو مجھے طاقت بخشتا ہے۔” — فلپیوں 4:13
یاد رکھیں، خدا ہمیشہ ہماری مشکلات کو فوراً ختم نہیں کرتا، لیکن وہ ہمیں اُن سے گزرنے کی طاقت ضرور دیتا ہے۔
اگر خدا ہم سے محبت کرتا ہے تو ہماری زندگی میں آزمائشیں کیوں آتی ہیں؟
آزمائشیں ہماری زمینی زندگی کا حصہ ہیں۔ ان کے ذریعے ہم صبر، ایمان اور خدا پر بھروسا کرنا سیکھ سکتے ہیں اور روحانی طور پر مضبوط بن سکتے ہیں۔
جب ہمیں لگتا ہے کہ خدا ہماری دعاؤں کا جواب نہیں دے رہا تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
جواب: ہمیں دعا کرتے رہنا چاہیے اور خدا کے مقرر کردہ وقت پر بھروسا رکھنا چاہیے، کیونکہ وہ ہماری ضروریات کو جانتا ہے اور اپنی حکمت کے مطابق ہماری رہنمائی کرتا ہے۔
مزید جاننے کے لیے آپ یہ بھی دیکھ سکتےہیں
کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسین آخری آیام نے میری زندگی کو کیسے بدلا۔
خدا نے میری زندگی کے سب سے مشکل لمحات میں مجھے کیسے مضبوط کیا؟
SEE ALSO :
