کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسین آخری آیام نے میری زندگی کو کیسے بدلا۔
میرا نام یعقوب ہے اور میں کراچی، پاکستان سے ہوں۔
آج میں اپ کے ساتھ خدا سے حاصل ہونے والی ان برکات کا ذکر کرنا چاہوں گا جن کو الفاظوں میں بیان کرنا شاید میرے لیے تھوڑا سا مشکل ہے
ایک وقت تھا جب میں باقاعدگی سے چرچ نہیں جاتا تھا۔ میں عام طور پر صرف خاص مواقع پر ہی جاتا تھا۔ لیکن جب میں نے ‘کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسین نے آخری آیا میں مسلسل آنا شروع کیا، تو مجھے میری روز مرہ کی زندگی میں بدلاؤ نظر آیا ۔
جیسے جیسے میں چرچ آتا رہا، انجیل سیکھتا رہا، دعا کرتا رہا اور یسوع مسیح کے بارے میں سنتا رہا، میں نے محسوس کیا کہ خدا میری زندگی کو چھو رہا ہے۔ میں خدا کے قریب ہوتا گیا اور یسوع مسیح کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے لگا۔
میں نے ایمان، دعا، معافی، خدمت، خاندان اور یسوع مسیح کی تعلیمات پر عمل کرنے کے بارے میں بہت سی باتیں سیکھیں۔
اپنی پوری زندگی میں، مجھے مشکل لمحوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، لیکن میری گواہی یہ ہے کہ خدا ہمیشہ میرے ساتھ رہا ہے۔ اس نے ہر لمحے اور ہر صورتحال میں میرا ساتھ دیا ہے۔
ایک سب سے بڑا تجربہ جس نے میرے ایمان کو مضبوط کیا، میری بیٹی کے ساتھ پیش آیا۔
میری بیٹی صرف دو سال کی تھی جب وہ بری طرح جل گئی تھی۔
ایک باپ کے طور پر، میں شدید پریشان اور غمزدہ تھا۔ جب میں اسے ہسپتال لے کر گیا اور اس کے زخم دیکھے، تو میں اندر سے بہت جذباتی ہو جاتا تھا۔ میں خود سے پوچھتا تھا، "میری چھوٹی بیٹی کے ساتھ ایسا کیوں ہوا؟”
ہمیں اسے علاج اور روزانہ کی پٹی کے لیے لے جانا پڑتا تھا۔ وہ دن ہمارے خاندان کے لیے بہت مشکل تھے۔
لیکن اس مشکل وقت کے دوران، میں نے ایک ایسا منظر دیکھا جس نے میرے دل کو چھو لیا۔
میری چھوٹی بیٹی نے، باوجود اس کے کہ وہ صرف دو سال کی تھی اور جلنے کی تکلیف میں تھی،
یسوع مسیح پر ایمان کا مظاہرہ کیا۔ جب میں نے اسے یسوع کے بارے میں بات کرتے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے
سنا کہ یسوع اس کی مدد کریں گے اور اسے ٹھیک کر دیں گے، تو اس سے مجھے حوصلہ ملا۔

اس کا ایمان میرے لیے ایک گواہی بن گیا۔
وہ اتنی چھوٹی تھی، لیکن اس نے مجھے ہمت دی۔
میں نے خدا سے دعا کی اور یسوع مسیح پر بھروسہ کیا۔
اور خدا کے فضل اور رحم سے، میری بیٹی صحت یاب ہو گئی۔
آج، وہ چلتی ہے، گھومتی پھرتی ہے اور اپنی زندگی جی رہی ہے۔
جب میں آج اسے دیکھتا ہوں، تو مجھے وہ مشکل دن یاد آتے ہیں، اور میرا دل شکرگزاری سے بھر جاتا ہے۔
خدا نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔
اس نے میرے خاندان کا ساتھ دیا۔
جب ہم ڈرے ہوئے تھے تو اس نے ہمیں طاقت دی۔
جب ہم تکلیف سے گزر رہے تھے تو اس نے ہمیں امید دی۔
اور اس نے میری بیٹی کو شفایابی سے نوازا۔
میرے لیے، اس تجربے نے میری اس گواہی کو مضبوط کیا کہ خدا ہماری دعائیں سنتا ہے اور یسوع مسیح اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں۔
بحال شدہ انجیل کے بارے میں میری گواہی
میں اس چرچ اور ان تمام اراکین کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے محبت کے ساتھ میرا اور میرے خاندان کا استقبال کیا۔
ہماری حوصلہ افزائی کی اور ہمارے ساتھ خاندان کی طرح پیش آئے۔
میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے یسوع مسیح کی انجیل کے بارے میں مزید جاننے میں ہماری مدد کی۔
جب میں پہلی بار چرچ آیا تھا، تو مجھے بہت سی باتوں کا علم نہیں تھا۔
لیکن جیسے جیسے میں مسلسل آتا رہا، میں نے سیکھا۔
میں نے سنا۔
میں نے دعا کی۔
میں نے مطالعہ کیا۔
اور میرا ایمان مضبوط ہوتا گیا۔
سب سے اہم بات یہ کہ میں یسوع مسیح کو اور بھی گہرائی سے جاننے لگا۔
میں نے سیکھا کہ ایمان صرف وہ نہیں جس کے بارے میں ہم بات کرتے ہیں۔ ایمان وہ ہے جسے ہم ہر روز جیتے ہیں، خاص طور پر جب زندگی مشکل ہو جاتی ہے۔
میری گواہی یہ ہے کہ خدا میری زندگی کے ہر لمحے میں میرے ساتھ رہا ہے۔
اس نے مجھے اور میرے خاندان کو برکت دی ہے۔
اس نے مشکل اوقات میں ہمیں طاقت دی ہے۔
جب ہمیں ضرورت تھی اس نے ہمیں امید دی ہے۔
اور وہ مجھے یسوع مسیح کے مزید قریب لے آیا ہے۔
میں اپنے خاندان کے لیے شکر گزار ہوں۔
میں اپنی بیٹی کے لیے شکر گزار ہوں۔
میں اس کی زندگی اور شفایابی کے لیے شکر گزار ہوں۔
اور میں خدا کی دی ہوئی ہر برکت کے لیے شکر گزار ہوں، خواہ وہ بڑی ہو یا چھوٹی۔
میں شکر گزار ہوں کہ میں واپس چرچ آیا اور صرف خاص مواقع پر آنے کے بجائے باقاعدگی سے جانا شروع کیا۔
میں ہر اس بات کے لیے شکر گزار ہوں جو میں نے یہاں سیکھی ہے۔
میں ان لوگوں کا شکر گزار ہوں جو ایمان کے اس سفر میں ہمارے ساتھ چلے ہیں۔
سب سے بڑھ کر، میں اپنے آسمانی باپ اور یسوع مسیح کا شکر گزار ہوں۔
خدا نے مجھے کبھی نہیں چھوڑا۔ خدا نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ یسوع مسیح میرا نجات دہندہ ہے۔ ۔ ایمان ہمیں طاقت دیتا ہے۔ اور خدا کی برکات ہمارے مشکل ترین لمحوں میں بھی موجود ہوتی ہیں۔
خدا نے میرے اور میرے خاندان کے لیے جو کچھ بھی کیا ہے، میں اس کے لیے اس کا ، بے حد شکر گزار ہوں۔
میں جانتا ہوں کہ یسوع مسیح زندہ ہیں۔
میں جانتا ہوں کہ وہ ہم سے محبت کرتے ہیں۔
میں جانتا ہوں کہ آسمانی باپ ہماری دعائیں سنتا ہے۔
میں جانتا ہوں کہ وہ آزمائشوں کے دوران ہمیں طاقت دے سکتا ہے۔
اور میں جانتا ہوں کہ جیسے جیسے ہم یسوع مسیح کی پیروی کرتے رہیں گے، ہمارا ایمان اور بھی مضبوط ہوتا جائے گا۔
یہ میری گواہی ہے۔
میں اسے اپنے پورے دل سے، اپنے آسمانی باپ کا شکر ادا کرتے ہوئے، اور اپنے نجات دہندہ، یسوع مسیح کی محبت کے ساتھ شیئر کرتا ہوں۔
یسوع مسیح کے نام میں، آمین۔
