ہمارے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح نے ہمیں سِکھایا ہے کہ وہ ہی واحد راستہ ہے۔
خُدا اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح کے امرِ اِلہٰی پر اپنے اِیمان کو پروان چڑھانے پر توجہ مرکُوز کریں۔
یہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح ہے، اور اُس کا یہ نام اِس لِیے ہے کیوں کہ یہ اُسی کی کلِیسیا ہے
جِس میں اِن آخِری ایّام میں اُس کی تعلِیم اور اِختیار کی بحال شُدہ معمُوری موجُود ہے۔
یہ کئی وجوہات کی بنا پر ”اُس کی کلِیسیا“ ہے۔ جَیسا کہ ہم اپنے اِیمان کے پہلے رُکن میں پڑھتے ہیں کہ،
”ہم خُدا، اَبَدی باپ پر، اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح پر، اور رُوحُ القُدس پر اِیمان لاتے ہیں۔“ خُدا باپ،
بُزرگ و برتر اِلوہیم، ہماری رُوحوں کا باپ، آسمان اور زمِین کو بنانے والا، اور ہماری نجات کے منصوبہ کا بانی ہے۔
یِسُوع مسِیح اُس کا اِکلوتا بیٹا، یہوواہ، اور ممسُوح، ”ساری دُنیا کا خُدا“ ہے۔ جَیسا کہ مورمن کی کِتاب اعلان کرتی ہے کہ،
”نجات مسِیح خُداوند قادِرِ مُطلق کے کَفّارہ بخش خُون میں اور وسِیلہ سے تھی، اور ہے، اور ہو گی۔“
مُقدّسِینِ آخِری ایّام ہر جگہ ایک دُوسرے کو اور تمام مرد و زن کو ”مسِیح کی طرف رُجُوع لانے“ کی دعوت دیتے ہیں۔
مثلاً مورمن کی کِتاب میں ایک نبی نے ہمیں بتایا کہ، ”مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم مسِیح کے پاس آؤ، جو اِسرائِیل کا قُدُوس ہے،
اور اُس کی نجات میں شرِیک ہو جاؤ، اور اُس کی مُخلَصی کی قُدرت میں۔“
آپ کے صدر کی حیثیت سے، مَیں اُس چیز کے لِیے دُعا کرتا ہُوں جو ہمارا آسمانی باپ ہم میں سے ہر ایک کے لِیے چاہتا ہے
—اور وہ یہ ہے کہ ہم کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے فعال اَرکان بنیں، اور عہد کی راہ پر اَبَدیت کی طرف آگے بڑھیں۔
ہمیں ایک دُوسرے کی دُعاؤں کی ضرُورت ہے۔ مَیں آپ کی دُعاؤں کا مثبت اَثر محسُوس کرتا ہُوں۔
مَیں شُکر گُزار ہُوں، اور مَیں آپ سے پیار کرتا ہُوں۔

ہم سب کو حال اور مُستقبل کے بارے میں خدشات یا مُشکلات کا سامنا ہے جِن پر غالِب آنے کے لِیے ہم کوشاں ہیں۔
اِن میں سوالات یا شکوک و شبہات شامل ہو سکتے ہیں۔ وہ چاہے کُچھ بھی ہوں، اُن پر غلبہ پانے کا راستہ اپنے نجات دہندہ یِسُوع مسِیح،
کے زیادہ قرِیب آنا ہے۔ بار بار، اُس نے ہمیں سِکھایا ہے کہ وہ ہی واحد راستہ ہے۔
خُدا اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح کے امرِ اِلہٰی پر اپنے اِیمان کو پروان چڑھانے پر توجہ مرکُوز کریں۔
پُختہ اِیمان محض شدِید خواہش سے کہیں بڑھ کر تقاضا کرتا ہے۔ اِس کا مطلب ہے روزانہ کوشِش کرنا،
ایک وقت میں ایک قدم اُٹھانا، دُعا اور صحیفائی تعلِیم کے ساتھ۔
ہم سب ابھی تکمیل کے سفر میں ہیں۔ ہم سب اُس راہ پر مُختلف مقامات پر ہیں جِسے صدر رسل ایم نیلسن نے ”عہد کا راستہ“ کہا ہے۔
ہمیں ایک دُوسرے کے ساتھ صبر سے پیش آنا چاہیے، اور کبھی کبھار اپنے ساتھ ب
ھی۔ غیر یقینی کیفیت اور شکوک پر قابُو پانا
—سائنس کے بدلتے ہُوئے اِدراک اور مذہب کی بعض اوقات نامُکمل تعلیمات کے درمیان تنازعات کو حل کرنا—طویل عمل ہو سکتا ہے۔
اِس میں اِیمان کو تعمیر کرنا اور فروتنی کو مضبُوط کرنا شامل ہے۔ اِیمان کے پہلے رُکن پر مضبُوطی سے قائم رہیں،
خواہ باقی کچھ باتیں ابھی غیر واضح ہی کیوں نہ ہوں۔ اور جب تک آپ اِنتظار کرتے ہیں، تو خُداوند کے مُنتظر رہیں،
جِس میں اُس کے مُقررہ وقت کے ساتھ ساتھ اُس کے وعدوں پر بھی بھروسا رکھنا شامِل ہے۔
آپ کے نبی راہ نُماؤں کے لِیے تشویش کا بڑا سبب وہ اَرکان ہیں جِن کا یِسُوع مسِیح پر اِیمان کم ہوتا جا رہا ہے۔
ہم آپ سے پیار کرتے ہیں، چاہے آپ جوان ہیں یا بُوڑھے، مَرد ہیں یا عورت۔ خُداوند خُدا بھی اَیسا ہی کرتا ہے!
خُدا اپنی محبّت بھری جُستجُو میں آپ میں سے ہر ایک کی تلاش میں کبھی پیچھے نہیں ہٹتا۔ اُس کی فکر اور اُس کے کلام کے مُطابق،
مَیں آپ پر زور دیتا ہُوں کہ حُکموں کو مانیں اور اُن عہُود کے ساتھ وفادار رہیں
جو آپ میں سے بُہت سوں نے راہِ عہد پر اپنی ہدایت کے لِیے باندھے تھے۔
اپنی دُنیاوی تعلیم کو کبھی بھی اپنے رُوحانی اُفق محدُود نہ کرنے دیں۔
ہم شُکر گُزار ہیں کہ ہمیں ضرُوری عِلم حاصِل کرنے کے دو طریقے معلُوم ہیں: (1)
سائنسی تحقیق اور ڈیجیٹل معلومات کے ذریعے انسان کا علم مسلسل وسعت پاتا رہتا ہے،
اگرچہ بعض معلومات مکمل طور پر درست یا قابلِ اعتماد نہیں ہوتیں، اور (2) رُوحانی طریقے سے ظاہر ہونے والی سچّائیاں،
جو خُدا پر اِیمان سے شُروع ہوتی ہیں اور صحائف، اِلہامی تعلیم، اور ذاتی مُکاشفے پر اِنحصار کرتی ہیں۔
اِن مُختلف طریقوں سے حاصِل کِیے گئے عِلم کے درمیان کوئی حتمی تضاد نہیں ہے کیوں کہ خُدا،
ہمارا قادِرِ مُطلق اَبَدی باپ، تمام سچّائی کو جانتا ہے اور ہم سے دونوں طریقوں سے سیکھنے کی توقع رکھتا ہے۔
اِس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی فروتنی کو بڑھاتے ہُوئے یِسُوع مسِیح کے قریب آنے کے لِیے کام کرنا چاہیے۔
صدر سپنسر ڈبلیو کِمبل نے فروتنی کی تعریف
”سِیکھنے کے لِیے آمادگی“ کے طور پر کی۔ اُنھوں نے وضاحت فرمائی:
”سِیکھنے کی آمادگی یہ اِحساس کرنے کی صلاحیت [ہے] کہ تمام خوبیاں اور قابلیتیں صِرف ہماری ذات میں جمع نہیں ہیں۔
… [فروتنی] دُوسروں کو مُعاف کرنا اِس اِدراک کے ساتھ کہ مُمکن ہے کہ [ہم خُود بھی اَیسی]، یا اِس سے بھی بڑی غلطیاں کرتے ہوں۔“
اپنے عہُود کی ہفتہ وار تجدید کے لیے عِشائے ربّانی میں شِرکت کرنے اور اُن مُقدّس عہُود کے مُطابق زِندگی گُزارنے
کی مُسلسل کاوِشوں کے ذریعے خُود کی حِفاظت کریں۔ جِن لوگوں نے ودیعت پائی ہے اُنھیں ہَیکل میں باقاعدگی سے
حاضری کو بھی اپنی زِندگی کا حِصّہ بنانا چاہیے۔ یہ سادہ طریقے آپ کی حِفاظت کریں گے اور آپ کو مضبُوط بنائیں گے۔
مورمن کی کِتاب سِکھاتی ہے کہ عظِیم و قدِیر خالِق ”تمام آدمیوں کے واسطے مُوا، تاکہ تمام آدمی اُس کے تابع ہوں۔
“ اِس کا مطلب یہ ہے کہ اگر اُس کے کَفّارہ کے وسِیلہ سے ہمارے گُناہ مُعاف ہونے ہیں، تو ہمیں اُن شرائط پر عمل کرنا ہوگا
جو اُس نے مُقرّر کی ہیں، جِن میں اِیمان، تَوبہ اور بپتِسما شامِل ہیں۔
اِن شرائط کی تکمیل کا اِنحصار ہماری خواہشوں،
ہمارے فیصلوں، اور ہمارے اَعمال پر ہے۔ ”اور وہ دُنیا میں آتا ہے
تاکہ وہ سب اِنسانوں کو نجات دے سکے اگر وہ اُس کی آواز پر دھیان دیتے ہیں۔“
مورمن کی کِتاب ہمارے عِلم میں یہ بھی اِضافہ کرتی ہے کہ ہمارے نجات دہندہ
کی زمِینی خِدمت اُس کی ساری پراگندہ بھیڑوں تک کیسے پُہنچی۔
یہ امریکی براعظم میں بنی نِیفی پر اُس کے ظہُور اور تعلِیمات کو بیان کرتی ہے۔
جہاں اُس نے اِس بات کو دُہرایا کہ باپ نے اُس کو اور بھی بھیڑوں کے پاس جانے کا حُکم دِیا جو یروشلِیم کی سرزمین کی نہیں تھیں۔
نجات دہندہ نے یہ بھی سِکھایا کہ اُس کو اور بھی بھیڑوں کے پاس جانا ہے
”جِنھوں نے نہ ابھی تک [اُس کی] آواز سُنی [تھی]،“ مثلاً ”اِسرائیل کے گُم شُدہ قبِیلے۔“
مورمن کی کِتاب اِس بات کی بُہت بڑی گواہ ہے کہ خُداوند تمام لوگوں سے محبّت کرتا ہے اور ہر جگہ سب تک پُہنچتا ہے۔
”کیا تُجھے عِلم نہیں کہ ایک سے زیادہ قَومیں ہیں؟ کیا تُو نہیں جانتا کہ مَیں، خُداوند تیرے خُدا، نے سارے اِنسان خلق کِیے ہیں،
اور مَیں اُن کو بھی یاد رکھتا ہُوں جو سَمُندر کے جزیروں پر ہیں؛ اور یہ کہ اُوپر آسمانوں پر اور نِیچے زمِین پر مَیں حُکم کرتا ہُوں؛
اور بنی آدم کے واسطے مَیں اپنا کلام ظہُور میں لاتا ہُوں، ہاں، یعنی دُنیا کی سب قََوموں کے واسطے؟“
مورمن کی کِتاب کی دیگر تعلِیمات اِس غلط دعویٰ کی تردید کرتی ہیں
کہ خُدا کا فضل صِرف چند برگُزیدہ لوگوں کو ہی نجات دیتا ہے۔
مورمن کی کِتاب سِکھاتی ہے کہ ہمارا نجات دہندہ ”سب کو اپنے پاس آنے کی دعوت دیتا ہے … ؛
اور اپنے پاس آنے والوں میں سے کسی کا اِنکار نہیں کرتا خواہ کالا ہے یا گورا، غلام ہے یا آزاد مرد ہے یا عورت؛
اور وہ غیرقَوموں کو یاد رکھتا ہے؛ خُدا کی نظر میں سب ایک جَیسے ہیں، یہُودی اور غیر قََومیں دونوں۔“
اُس کا فضل سب کے لِیے ہے۔ اِسی طرح، مورمن کی کِتاب ہمیں بتاتی ہے کہ ”ہر قَوم“ میں خُدا کی اُمّت سے اُس کا وعدہ ہے
کہ وہ ”رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے اپنے تئیں اُن سب پر ظاہر کرتا ہے جو اُس پر اِیمان لاتے ہیں۔“
مورمن کی کِتاب کے یہ وعدے سچّے ہیں۔ لاکھوں لوگ اُن پر یقِین رکھتے ہیں اور اُن کی سچّائی کی تصدیق کے تجربات بھی اُنھوں نے کِیے ہیں۔
میں سب کو اِن پر یقین رکھنے کی دعوت دیتا ہوں۔
ہمارا اِیمان ہے کہ خُداوند بالآخِر اُن اِلہامی نوِشتوں کو، جو اُس نے مُختلِف قَوموں میں اپنی اُمّتوں کو عطا کِیے ہیں،
ساری قَوموں کے فیض پانے کے لِیے منظرِ عام پر لائے گا۔ اِس میں جی اُٹھے خُداوند کی تشریف آوری کے وہ واقعات شامِل ہوں گے
جِنھیں ہم اِسرائیل کے گُم شُدہ قبِیلوں اور ابرہام کی ساری نسلوں میں نازِل کِیے گئے اُس کے مُکاشفے کہتے ہیں۔
ہم اُس دَور میں رہتے ہیں جِس کی پیشین گوئی کی گئی تھی
جب راست بازی آسمان سے نازِل کی جائے گی اور زمِین سے سچّائی آگے بھیجی جائے گی،
خُداوند یوں فرماتا ہے ”اور مَیں راست بازی اور سچّائی کو زمِین پر اَیسی تیزی سے پھیلاؤں گا جَیسے سیلاب سے،
“ اور اپنے ”برگُزیدوں کو زمِین کے چاروں کونوں سے اِکٹھا کرُوں۔“ ہم سب اپنے اِرد گِرد اِس بات کا ثبُوت دیکھتے ہیں
کہ دُنیا میں بُہت سارے لوگ ہمارے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، اور اُس کی تعلیمات کے بُھوکے ہیں۔
جِس طرح اِس کے صفحہِ عُنوان پر اِعلان کِیا گیا ہے کہ،
مورمن کی کِتاب اِس لِیے ظاہر ہُوئی ہے کہ ہم ”خُداوند کے عہُود کو جانیں“
نِیز سب پر یہ ثابت کرنے کے لِیے بھی ”کہ یِسُوع المسِیح ہے، اَبَدی خُدا، جو اپنے تِئیں سب قَوموں پر ظاہر کرتا ہے۔“
مَیں سب کو پُرزور دعوت دیتا ہُوں کہ اِن سچّائیوں پر عمل کریں اور اُن کو دُوسروں تک پُہنچائیں
تاکہ ہم سب اپنے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کے قریب آئیں۔ مَیں یہ دعوت نامہ دیتا ہُوں
اور اُس کی اور اُس کے کارِ اِلہٰی کے بارے میں اپنی گواہی شامِل کرتا ہُوں یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔
SOURCE :
مزید جاننے کے لیے اپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں
اَبَدی بیاہ اِک اَبَدی سفر ہے
نبی کی پَیروی کرو؛ وہ راستہ جانتا ہے
SEE ALSO :
